نئی دہلی یکم جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے کہا ہے کہ گواکے وزیراعلیٰ منوہرپاریکر کارافیل سودے سے متعلق جو بیان میڈیا میں گردش کررہا ہے وہ کئی طرح کے شبہات کوجنم دیتا ہے اس لئے حکومت کو اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ اخبارات میں شائع ایک خبر کے مطابق مسٹر پاریکر نے اپنی کابینہ کی میٹنگ میں غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھلے ہی وہ علیل ہیں لیکن انہیں کوئی ہٹانہیں سکتاہے کیوں کہ ان کے پاس رافیل سودے سے متعلق کچھ اہم دستاویزات ہیں۔مسٹر سرجے والا نے کہا کہ سابق وزیر دفاع کی اس ناراضگی سے خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ رافیل گھپلے کے سلسلے میں ان کے پاس ضرور کوئی اہم فائل ہے جس کی وجہ سے وہ حکومت کو دھمکی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر پاریکرطویل عرصے سے علیل ہیں لیکن انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں جارہاہے۔ کانگریس پہلے بھی ان کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکی ہے لیکن اس پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ حکومت رافیل سے متعلق دستاویزات پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں داخل کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ اس گھپلے کے سلسلے میں مسٹر پاریکر کا بیان کافی شبہ پیداکرنے والا ہے اس لئے حکومت کو پوزیشن واضح کرتے ہوئے یہ بتانا چاہئے کہ کس سبب سے علالت کے باوجود مسٹر پاریکر کو وزیراعلیٰ کے عہدہ سے ہٹایا نہیں جارہا ہے۔